مسلم لیگ ن نے ہماری ہر ضرورت پوری کی: میجر جنرل آصف غفور

لندن –  پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے ہماری ہر ضرورت پر توجہ دی اور سرحد محفوظ بنانے کے لیے رقم فراہم کی، ن لیگ کی حکومت نے دہشتگردی کے خلاف آپریشن کی منظوری دی۔

انتخابات 2018 کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ فوج پر الیکشن میں دھاندلی کا الزام لگایا گیا، کسی کے پاس دھاندلی کے ثبوت ہیں تو لے آئے۔ حالیہ انتخابات تاریخ کے شفاف ترین الیکشن تھے۔ عوام نے اپنی خواہش کے مطابق ووٹ ڈالا۔

انہوں نے کہا کہ فوج میں احتساب کا کڑا نظام ہے، فوج بھی کفایت شعاری کے حق میں ہے۔فوج گزشتہ 15 سال سے یہ ذمہ داری نبھا رہی ہے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل میڈیا میں پاکستان سےمتعلق مثبت خبروں کو اجاگر نہیں کیا جاتا، فاٹا اصلاحات پرمغربی میڈیا میں ایک بھی بامقصد اسٹوری نہیں دیکھی گئی۔آج کا پاکستان ماضی سے بہتر ہے۔

مشرقی سرحد پر بھارت کی چھیڑ خانی اور دھمکیوں پر آصف غفور نے کہا کہ  بھارت نے ایک سرجیکل اسٹرائیک کیا تو پاکستان 10 کرے گا، جس ملک کی فوج مضبوط نہ ہو وہ ٹوٹ جاتا ہے۔