پشاور میں پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح، بے گھر افراد کو چھت اور گرم بستر فراہم ،اندرونی مناظر دیکھیں

ویب ڈیسک – وزیراعظم عمران خان نے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں سڑکوں اور فٹ پاتھوں پر سونے والے افراد کے لئے پہلے شیلٹر ہوم کا افتتاح کر دیا۔

پشاور کے پجگی روڈ پر قائم کئے گئے شیلٹر ہوم کا افتتاح وزیراعظم عمران خان نے کیا اور وہاں سہولتوں کا جائزہ لیا اور مختلف سیکشنز کا دورہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم کے ساتھ وزیراعلیٰ محمود خان بھی موجود تھے، جبکہ شہزاد ارباب، افتخار درانی اور ضلع ناظم محمد عاصم سمیت دیگر حکام بھی افتتاحی تقریب میں موجود تھے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں بھی بے گھر افراد کے لئے شیلٹر ہوم کے قیام کا اعلان کیا تھا تاہم عارضی طور پر سردی سے بچنے کے لئے لاہور میں ٹینٹ ہاوٴس قائم کرکے سڑکوں پر سونے والے افراد کو عارضی چھت فراہم کر دی گئی تھی۔

وزیراعظم عمران خان نے لاہور اور پشاور کے بعد ایسے ہی منصوبے کراچی اور ملک کے دیگر بڑے شہروں میں بھی قائم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔