محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کی گیارہویں برسی، قافلے گڑھی خدا بخش پہنچ گئے

ویب ڈیسک – پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو کی گیارہویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کے جیالے قافلوں کی صورت میں بے نظیر بھٹو کی آخری آرام گاہ گڑھی خدا بخش پہنچ گئے ہیں۔ اس سلسلے میں پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت بھی لاڑکانہ میں موجود ہے جو بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کی تقریبات میں شرکت کرے گی۔

سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو شہید کی برسی کے موقع پر لاڑکانہ اور گڑھی خدا بخش میں سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ برسی میں شرکت کرنے والوں کو سخت چیکنگ کے بعد مزار کے اندر داخل ہونے دیا جا رہا ہے۔ مزار کی سکیورٹی کے لیے 7000 سے زائد پولیس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے، جب کہ مزار کے اندر 20 سی سی ٹی وی کیمرے بھی لگائے گئے ہیں۔

شہید بی بی کی برسی کے پیش نظر پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت نے گڑھی خدا بخش میں ایک جلسے کا اہتمام بھی کیا ہے۔ جلسے سے پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، شریک چیئرمین آصف علی زرداری، ان کی چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری سمیت پارٹی کے سینئر رہنما خطاب کریں گے۔

یاد رہے کہ بے نظیر بھٹو کو 27 دسمبر 2007 کو راولپنڈی میں اس وقت ایک خود کش حملے میں شہید کر دیا گیا جب وہ لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کر کے آرہی تھیں۔ بے نظیر بھٹو اسی سال طویل خود ساختہ جلا وطنی ختم کر کے پاکستان پہنچی تھیں اور سیکیورٹی اداروں کی جانب سے انہیں جان کے خطرے کے باعث بار بار خبردار کیا گیا تھا۔