پاکستانی بلے باز پھر ناکام، جنوبی افریقہ کا ٹیسٹ سریز میں پاکستان کو کلین سویپ

جوہانسبرگ – جنوبی افریقہ نے پاکستان تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ میں 107 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سریز میں 0-3 سے کلین سویپ کر لیا۔ میچ کے آخری روز پاکستانی بیٹنگ لائن ایک مرتبہ پھر ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 273 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔

تفصیلات کے مطابق جوہانسبرگ ٹیسٹ میں جنوبی افریقہ نے پاکستان کو جیت کے لیے 381 رنز کا ہدف دیا ہے جس کے جواب میں قومی ٹیم 273 رنز ہی بناسکی اور یوں انہیں 107 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔پاکستانی کا کوئی بھی بیٹسمین بڑا سکور کرنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ اس سریز میں کسی پاکستانی بلے باز نے سنچری سکور نہ کی۔

پہلی اننگز میں بھی پاکستان کی بیٹنگ لائن ناکام رہی تھی، میزبان ٹیم کی جانب سے 4 کیچ ڈراپ اور ایک رن آؤٹ کا موقع ضائع کرنے کے باوجود قومی ٹیم جنوبی افریقہ کے 262 رنز کے جواب میں صرف  185 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ سرفراز احمد 50، بابر اعظم 49 اور امام الحق 43 کے علاوہ کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہیں دکھا سکا تھا، پروٹیز کی جانب سے اولیوائر نے 5، فلینڈر نے 3 اور رباڈا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پہلی اننگز میں 77 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد جنوبی افریقہ کی ٹیم 303 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئی اور پاکستان کے لیے 381 رنز کا بڑا ہدف کھڑا کردیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈی کوک 129 اور ہاشم آملہ 71 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے  فہیم اشرف اور محمد عباس نے 3،3 جب کہ محمد عامر 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔

ٹیسٹ سریز میں ناکامی کے بعد پاکستان کا اگلا امتحان جنوبی افریقہ کے خلاف آئندہ ہفتے 5 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچوں میں ہوگا۔