عمر اکمل اپنے ہی کیرئیر کے دشمن ہو گئے، میچ سے قبل میوزیکل کنسرٹ میں جانے پر ایک بار پھر پی سی بی کا جرمانہ

ویب ڈیسک – ٹیلنٹ بے پناہ مگر رویہ بچگانہ، طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں کم بیک کرنے والے عمر اکمل ایک مرتبہ پھر اپنے ہی کیرئیر کے دشمن بن گئے اور میچ سے قبل میوزیکل کنسرٹ میں جانے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے جانب سے وارننگ اور جرمانہ کروا بیٹھے۔

عمر اکمل آسٹریلیا کیخلاف پانچویں ون ڈے میچ سے قبل ہفتہ کی رات کو تاخیر تک ہوٹل سے باہر رہے، منیجر طلعت علی کے سامنے اپنی غلطی کا اعتراف کیا۔ ان کو میچ فیس کا 20 فیصد جرمانہ کرنے کے ساتھ آئندہ محتاط رہنے کیلیے وارننگ بھی جاری کردی گئی۔

عمر اکمل اس رات ایک ڈانس پارٹی میں ہلہ گلہ کرتے رہے، سوشل میڈیا پر ویڈیوز بھی گردش میں رہیں۔

یاد رہے کہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل فٹنس ٹیسٹ میں فیل ہونے پر ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے عمراکمل کو وطن واپس بھجوادیا تھا، اس کے علاوہ بھی عمر اکمل اپنے بچگانہ اور غیر ذمہ درانہ رویے کی وجہ سے کئی بار خبروں میں رہے ہیں۔ طویل عرصہ ٹیم سے باہر رہنے کے باوجود عمر اکمل نے اپنی غلطیوں سے کچھ نہ سیکھا اور آسٹریلیا کے خلاف سریز میں خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام نظر آئے۔