پیٹرول کی قیمت بڑھانا عمران خان کی مجبوری، پاکستان میں بھارت کے مقابلے اب بھی سستا ہے: نجم سیٹھی

ویب ڈیسک – وزیراعظم عمران خان کے سب سے بڑے ناقد اور سنئیر صحافی نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ بھارت میں پیٹرول کی قیمت 140 سے 150 روپے فی لٹر ہے جو کہ پاکستان کے حساب سے کافی مہنگا ہے کیونکہ بھارت اور پاکستان کی کرنسی میں آدھے کا فرق ہے۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے نجم سیٹھی نے کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھانا عمران خان اور ان کی مجبوری تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ  پاکستان میں اب بھی پیٹرول ہندوستان کے مقابلے میں بہت سستا ہے۔ ہندوستان میں اس وقت 140 سے 150 بھارتی روپے لیٹر ہے اور ایک بھارتی روپے کی قدر پاکستانی روپے کے مقابلے میں تقریباً 2 روپے کے قریب ہے اور اس کا مطلب ہے کہ یہاں پیٹرول بہت سستا ہے۔

نجم سیٹھی نے مزید کہا کہ پیٹرول کی قیمت بڑھنے کا اثر امیروں پر نہیں بلکہ غریبوں پر پڑے گا اور پھر اس کا اثر بجلی پر بھی پڑے گا جس کے بعد توانائی کے دیگر ذرائع پر بھی پڑے گا۔
یاد رہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے نے رواں ماہ کے آغاز میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 6 روپے تک  کا اضافہ کر دیا تھا جس کے بعد پیڑول کی قیمت 99.13 روپے فی لٹر جا پہنچی ہے جس کے بعد ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آگیا ہے۔