فیس بک نے آئی ایس پی آر کے کئی پیج اور گروپس ختم کر دیئے، بھارت کے بھی 700 سے زائد اکاوٴنٹس نئی پالیسی کی زد میں آگئے

ویب ڈیسک – سماجی رابطے کی ویب سائٹ نے پاکستان اور بھارت سے آپریٹ ہونے والے کئی فیس بک پیجز، گروپس اور اکاوٴنٹس نئی پالیسی کے نام پر ختم کر دیئے۔ پاکستان سے 300 سے زائد جب کہ 700 سے زائد بھارتی پیجز اور گروپس کو فیس بک سے ختم کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فیس بک  نے غیر مصدقہ اور مشکوک مواد رکھنے والے 1000 سے زائد پیجز، گروپس اور اکاوٴنٹس کو پالیسی کی خلاف ورزی کو بنیاد بنا کر ختم کر دیا۔ یہ کریک ڈاوٴن پاکستان اور بھارت سے آپریٹ ہونے والے اکاوٴنٹس پر کیا گیا۔ حیرت انگیز طور پر جن 300 سے زائد پاکستانی اکاوٴنٹس کو نشانہ بنایا گیا وہ براہ راست یا بالواسطہ طور پر پاکستان کی فوج کے ادارے آئی ایس پی آر سے منسلک تھے۔

جبکہ بھارت سے آپریٹ ہونے والے پیجز اور اکاوٴنٹس کا تعلق بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس سے بتایا جا رہا ہے۔

کمپنی کی سائبر سکیورٹی پالیسی کے سربراہ نتھانیل گلیچر نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان سے تعلق رکھنے والے فیس بک یا انسٹاگرام پر صفحات ، اکاؤنٹس اور گروپوں کو  فیس بک  پالیسیوں کی خلاف ورزی پر ڈیلیٹ  کیا گیا ہے۔