تبدیلی ٹھاہ۔۔۔ حکومتِ پنجاب 70 نئی گاڑیاں خریدے گی، سمری تیار

ویب ڈیسک – تبدیلی اور سادگی کے دعوے ٹھاہ ہو گئے، حکومت پنجاب نے کفایت شعاری مہم کو پس پشت ڈالتے ہوئے اراکین  پنجاب اسلمبی اور وزراٴ کے لئے 70 نئی گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔

جیو نیوز کے مطابق گاڑیاں خریدنے کے لیے سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ ٹرانسپورٹ پول نے سمری تیار کرلی ہے۔

صوبائی محکمہ خزانہ نے نئی گاڑیوں کی خریداری کا کیس موصول ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ کمیٹی سے منظوری کے بعد گاڑیاں خریدی جائیں گی۔

جب کہ ٹرانسپورٹ پول حکام کا کہنا ہےکہ گاڑیاں خریدنا ناگزیر ہے اسی وجہ سے سمری بھجوائی گئی البتہ گاڑیوں کی خریداری کا کیس کفایت شعاری کمیٹی میں لے جایا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل بھی پیش کیا گیا تھا جس پر وزیراعظم عمران خان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے مسترد کر دیا تھا۔