ایم کیو ایم اور تحریک انصاف اگلا الیکشن مل کر لڑیں گے: وزیراعظم عمران خان

حیدر آباد ۔ کل کے دشمن آج کے دوست، وزیراعظم عمران خان نے اگلا الیکشن متحدہ قومی موومنٹ کے ساتھ مل کر لڑنے کا اعلان کر دیا۔ کہتے ہیں دونوں جماعتوں کا نظریہ ہمیشہ سے ہی ایک تھا لیکن متحدہ کے عسکری ونگ کی وجہ سے اختلافات تھے۔

تفصیلات کے مطابق حیدر آباد میں یونیورسٹی کے قیام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ حیدر آباد میں یونیورسٹی کے قیام سے میں بے حد خوش ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایم کیو ایم اختلافات صرف متحدہ کے عسکری ونگ کی وجہ سے تھے ورنہ دونوں جماعتوں کا نظریہ ہمیشہ سے ایک ہی رہا ہے۔ دونوں جماعتیں درمیانے طبقے کی نمائندہ جماعتیں ہیں۔

انہوں نے کہا شروع میں جب متحدہ اراکین خالد مقبول صدیقی اور بیرسٹر فروغ نسیم حکومت میں شامل ہو ئے تو مجھے ڈر لگتا تھا کہ اگر ان کی بات نہ مانی گئی تو کہیں یہ بندوقیں ہی نہ نکال لیں۔ وزیراعظم کی اس بات پر شائقین خوب دل کھول کر ہنسے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے خالد مقبول صدیقی اور فروغ نسیم سے زیادہ نفیس انسان نہیں دیکھے۔

وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ تحریک انصاف اور ایم کیو ایم آئندہ الیکشن مل کر لڑیں گے۔