پاکستانی طیارہ تباہ کرنے کا بھارتی ڈرامہ بے نقاب پاکستانی ایف 16 کی تعداد پوری، جیسے چاہے استعمال کرے کوئی پابندی نہیں: امریکی حکام

ویب ڈیسک – 27 فروری کو جب پاکستانیہ فضائیہ کے جے ایس تھنڈر 17 لڑاکا طیاروں نے 2 بھارتی مگ 21 طیارے فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے پر تباہ کئے تو اپنی سبکی مٹانے کی خاطر بھارتی میڈیا اور حکومت نے ڈرامہ کیا کہ پاکستان نے بھارت کے خلاف فضائی کارروائی میں امریکہ کی جانب سے دیئے گئے ایف 16 طیاروں کا استعمال کیا اور بھارتی فضائیہ نے ایک پاکستانی ایف 16 طیارہ تباہ بھی کر دیا۔

بھارتی عوام کو خوش کرنے کے لئے بھارتی فضائیہ اور میڈیا نے مل کر پاکستانی طیارہ گرانے کا ڈرامہ تو رچا لیا تاہم وہ کوئی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہے جبکہ پاکستان نے گرفتار بھارتی پائیلٹ کو بطور ثبوت پیش کر دیا۔ بھارت دو ماہ تک اپنے جھوٹے موقف پر ڈٹا رہا لیکن اب خود امریکہ بھارت کے جھوٹے ڈرامے سے پردہ اٹھا کر بھارتی فضائیہ کی جانب سے پاکستانی ایف 16 جہاز تباہ کرنے کے دعوے کو غلط قرار دے دیا ہے۔

ارن پالیسی میگزین کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان نے امریکی اہلکاروں کو آکر ایف 16 گننے کی پیشکش کی تھی جس کے بعد امریکی اہلکاروں نے پاکستان کے ایف 16 طیارے گنے ہیں اور ان کی تعداد پوری ہے۔

امریکی عہدے داروں نے فارن پالیسی کو بتایا کہ بھارت نے جھوٹ بول کر عالمی برادری کو گمراہ کیا، ایف سولہ گرانے کا بھارتی دعویٰ جھوٹ پر مبنی ہے۔ سا تھ ہی امریکی حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ  پاکستان پر ایف 16 طیاروں کو استعمال کرنے پر کوئی پابندی نہیں۔ وہ اپنے طیارے جب چاہے جیسے چاہے استعمال کر سکتا ہے