حکومت کہیں نہیں جارہی بلکہ آصف زرداری جیل جارہے ہیں، وزیراعظم عمران خان کا جمرود میں دھواں دار خطاب

جمرود – وزیراعظم عمران خان نے جمرود میں اجتماع سے دھواں دار خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن کی دھجیاں اڑا دیں، عمران خان نے سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سے حکومت ختم کرنے اعلان پر کہا کہ آصف علی زرداری سن لیں حکومت کہیں نہیں جا رہی آپ جیل جا رہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق جمرود میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے پیپلزپارٹی کی قیادت کی جانب سے حکومت ختم کرنے اور اسلام آباد میں دھرنا دینے کی دھمکیوں پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو کے بارے میں کہا کہ کل باپ بیٹا کہہ رہے تھے کہ ہم دھرنا دینے آ رہے ہیں۔ میں زرداری اور بلاول کو دعوت دیتا ہوں کہ اسلام آباد آئیں اور دھرنا دیں۔ ہم انھیں کنٹینرز بھی فراہم کریں گے اور  کھانا بھی دیں گے ، میرا چیلنج ہے کہ وہ ایک ہفتہ دھرنے میں گزار کر دکھائیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ  جب امریکا کے کہنے پر ہم نے قبائلی علاقے میں فوج بھیجی تو میں نے کہا تھا کہ ہم غلط کرنے جا رہے ہیں۔ آپریشن کے دوران نقل مکانی سے قبائلی لوگوں کو بہت تکالیف پہنچی۔ قبائلی علاقے سے فیملی کے ساتھ نقل مکانی کرنا بہت مشکل تھا۔ ہم کوشش کریں گے کہ آپ کا نقصان پورا کریں۔

عمران خان نے شریف خاندان پر ایک بار پھر این آر او کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ انہیں این آر او دیا جائے لیکن میں واضح کر دینا چاہتا ہو کہ کسی کو کوئی رعایت نہیں ملے گی۔  چوروں کا احتساب ہو گا، اگر بچنا چاہتے ہیں تو ملک کا پیسہ واپس کرو۔