میگا منی لانڈرنگ اور جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری اورفریال تالپوراحتساب عدالت پیش

جعلی بینک اکاؤنٹس اورمیگا منی لانڈرنگ کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اوران کی ہمشیرہ فریال تالپوراحتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔ احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کیس کی سماعت کر رہے ہیں۔وکیل فاروق ایچ نائیک نے آصف علی زرداری کو حاضری سے استثنیٰ دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ یہ جو ماحول بنایا گیا ہے صرف آصف علی زرداری کی وجہ سے ہے۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کو حاضری سے استثنیٰ دے دیں تو ٹرائل بہتر چلے گا۔وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری منصفانہ ٹرائل چاہتے ہیں، کمرہ عدالت چھوٹا ہے، 26 ملزمان اور 26 وکلاء پھر میڈیا نمائندے بھی ہوں گے، زبانی درخواست کررہا ہوں۔

آصف زرداری کو استثنیٰ دے دیں جس پر جج نے کہا کہ کوئی طریقہ کار بناتے ہیں جس سے آپ کو بھی آسانی ہواور ہمیں بھی۔آصف زرداری کی پیشی کے موقع پراسلام آباد پولیس نے سخت سیکیورٹی انتظامات کیے ہیں۔ 1650 پولیس اہلکار نیب عدالت کے اطراف تعینات ہیں جن میں رینجرز، اسپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے اہلکاربھی شامل ہیں۔