آصف علی زرداری کسی رعایت کے مستحق نہیں، جعلی اکاوٴنٹس کیس میں نیب کا عدالت کو جواب

ویب ڈیسک – سابق صدر آصف علی زرداری نے جعلی اکاوٴنٹس کیس کے میگا سکینڈل میں اپنی درخواست ضمانت اسلام آباد ہائی کورت میں جمع کروائی ہوئی ہے۔ تاہم نیب نے عدالت میں اپنا جواب جمع کرواتے ہوئے کہا ہے کہ آصف علی زرداری کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق آصف زرداری کی درخواست ضمانت پر نیب نے جواب جمع کروا دیا۔ نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے جواب اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرایا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آصف زرداری کسی ریلیف کےمستحق نہیں، انھوں نے درخواست ضمانت میں غلط بیانی کی۔

نیب نے موقف اختیار کیا ہے کہ آصف زرداری نے دیگر ملزمان کی ملی بھگت سے نیشنل بینک سے ڈیڑھ ارب کا قرض لیا، آصف زرداری نے دھوکہ دہی سے فرنٹ کمپنی پیرتھینون بنائی لہذا پارک لین کمپنی میں آصف زرداری کی ضمانت مسترد کی جائے۔