حنیف عباسی جیل سے رہا، کارکنوں کی جانب سے شاندار استقبال اور نعرے بازی

ویب ڈیسک ۔ مسلم لیگ ن کے لئے خوشخبریوں پر خوشخبری، لاہور ہائی کورٹ کے حکم کے بعد مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی کو آج جیل سے رہا کر دیا گیا۔ ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا پانے والے لیگی رہنما کی ضمانت پر رہائی ہوئی تو لیگی کارکنوں حنیف عباسی کا جیل کے باہر شاندار استقبال بھی کیا۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما کی جانب سے 50، 50 لاکھ کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرانے پر ان کی رائی کی روبکار جاری ہوئی اور جیل حکام نے اپنی کارروائی مکمل کرکے انہیں رہا کردیا۔

حنیف عباسی کو روالپنڈی کی انسداد منشیات عدالت نے ایفیڈرین کوٹہ کیس میں عمر قید کی سزا سنائی تھی جسے لاہور ہائی کورٹ کے دورکنی بینچ  نے 11 اپریل کومعطل کرکےحنیف عباسی کی ضمانت منظور کرلی تھی۔

یاد رہے کہ گزشتہ سال 18 جولائی کو پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنما حنیف عباسی کو 8 سال قبل دائر کیے گئے ایفی ڈرین کیس میں مجرم قرار دے کر عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ حنیف عباسی کے خلاف کیس کا فیصلہ گزشتہ سال عام انتخابات سے چند روز قبل کیا گیا تھا۔

فیصلہ سنائے جانے کے بعد عدالت میں موجود اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) کے عملہ نے حنیف عباسی کو گرفتار کر لیا تھا۔