ابوظہبی: گھر میں آگ لگنے سے ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 6 پاکستان جاں بحق

ویب ڈیسک – متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی میں آتشزدگی کے ایک افسوسناک واقعے میں 6 پاکستانی جل کر جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی ریاست ابوظہبی کے علاقے العین میں ایک گھر میں آتشزدگی کا ہولناک واقعہ پیش آیا جس کے نتیجے میں ایک ہی خاندان کے 4 افراد سمیت 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گھر میں موجود ایک شخص بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کا تعلق پاکستان سے تھا۔

جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی شناخت 23 سالہ عمر فاروق، بڑا بھائی 27 سالہ خرّم، والد 24 سالہ فاروق، رشتہ دار علی حیدر اور دو فیملی فرینڈ خیال اپدال اور عید نوازکے ناموں سے ہوئی ہے۔

آتشزدگی کے افسوس ناک واقعے میں صرف 50 سالہ محمد رحیم نامی شخص اپنی جان بچانے میں کامیاب ہوا جو باتھ روم میں المونیم کی بنی چھت سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوا۔

ابوظبی کی سول ڈیفنس کے ادارے کا کہنا تھا کہ العین میں واقع رہائشی بنگلے میں صبح تقریباً 6 بجے پیش آیا جب گھر والے سو رہے تھے۔