افواہیں سچ ثابت ہوئیں، اسد عمر نے وزارت خزانہ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا

اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کے عہدے میں تبدیلی اور ان کے ہٹانے کے حوالے سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پھیلی کئی ہفتوں کی افواہیں بالآخر سچ ثابت ہوئیں، وزارت میں تبدیلی کا حکم ملنے پر اسد عمر نے بطور وزیر خزانہ اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق مائیکرو بلاگنگ کی ویب سائٹ ٹویٹر پر آج اسد عمر نے ایک دھماکے دار خبر دیتے ہوئے بتایا کہ کابینہ میں تبدیلی سے متعلق وزیراعظم کی خواہش ہے میں وزارت خزانہ چھوڑ کر توانائی کی وزارت لے لوں لیکن میں نے وزیراعظم کو اعتماد میں لیا ہے کہ میں کابینہ کا مزید حصہ نہیں رہوں گا۔

اپنے ٹویٹ میں انہوں نےمزید کہا کہ  وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ہی پاکستان کے لیے واحد امید ہے، انشاء اللہ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی نیا پاکستان بنائے گی۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے حکومت میں آنے کے بعد ملک کو شدید معاشی چیلنجز کا سامنا تھا، جس کی وجہ سے وفاقی وزیرخزانہ اسد عمر پر وزیراعظم عمران خان اور دیگر حلقوں کی جانب سے شدید دباوٴ تھا۔ اسد عمر کے استعفےٰ کے حوالے سے کئی دنوں سے افواہیں چل رہی تھیں جو آج سچ ثابت ہوئیں۔