ماہر اقتصادیات ڈاکٹر حفیظ شیخ مشیر خزانہ مقرر، نوٹیفیکیشن جاری

ویب ڈیسک – وزیرخزانہ اسد عمر کے استعفیٰ دینے کے بعد وزیراعظم  عمران خان نے ماہر اقتصادیات ڈاکٹر حفیظ شیخ مشیر خزانہ مقرر کر دیا ہے۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ کو مشیر خزانہ  بنانے کی منظوری دے دی اور کابینہ ڈویژن نے نئی تقرری سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ پی ایچ ڈی اقتصادیات ہیں اور وہ 2010ء تا 2013ء وزیر خزانہ کے عہدے پر تعینات رہ چکے ہیں۔ نجکاری میں وسیع تجربہ رکھتے ہیں، وہ ہارورڈ اور کیمبرج یونیوسٹی سے منسلک رہے اور انہوں نے عالمی بینک میں بھی ملازمت اختیار کی تھی۔

ڈاکٹر حفیظ شیخ ’ارجنٹینا میں نجکاری‘ کتاب کے مصنف بھی ہیں، ٹیلی کمیونی کیشن، ٹرانسپورٹ، ایوی ایشن اور بینکوں کی نجکاری میں مہارت رکھتے ہیں۔

یاد رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی کابینہ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی ہے جس کے بعد 5 اہم وزارتوں میں ردوبدل کا نوٹیفیکیشن جاری کیا جا چکا ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا قلمدان تبدیل کردیا گیا ہے اور انہیں سائنس اور ٹیکنالوجی کا وزیر بنادیا گیا۔

اسی طرح غلام سرور خان کو وفاقی وزیر ایوی ایشن جبکہ اعجاز شاہ کو وفاقی وزیر داخلہ بنادیا گیا۔ شہریار آفریدی کو وزیر مملکت برائے سیفران جبکہ ڈاکٹر ظفر اللہ مرزا کو معاون خصوصی برائے وزارت صحت بنادیا گیا۔

فردوس عاشق اعوان کو معاون خصوصی برائے اطلاعات، ندیم بابر معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ڈویزن جبکہ اعظم سواتی کو وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور بنادیا گیا۔