لاہور کے قدیمی علاقے بھاٹی گیٹ میں 3 منزلہ عمارت زمین بوس، خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق

لاہور (ویب ڈیسک ) ۔ پرانے لاہور کے علاقے بھاٹی گیٹ میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جس میں ایک 3 منزلہ بوسیدہ عمارت زمین بوس ہو گئی۔ اس حادثے میں عمارت میں رہائش پذیر ایک خاتون سمیت 6 افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

تفصیلات کے مطابق بھاٹی گیٹ میں محلہ اسلم خان میں واقع ایک 3  منزلہ گھر کی عمارت اچانک زمین بوس ہوگئی۔ زمین بوس ہونے سے عمارت کے ملبے تلے دب جانے سے خاتون سمیت 6 افراد جاں بحق ہو گئے  3 بچوں سمیت 4 افراد بھی زخمی ہوئے ہیں۔

واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر 5 گھنٹے سے زائد سرچ آپریشن کے بعد زخمیوں کو باہر نکالا اور اسپتال منتقل کیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کے نتیجے میں ملبے میں دب جانے والے افراد کی شناخت 3 سالہ حسیب، 5سالہ اریب، 35سالہ خضر حیات، 15سالہ حافظ نواب، 45 سالہ شاہین، 35سالہ فرزانہ اور 40سالہ شہزاد کے نام سے ہوئی ہے جب کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ایک نامعلوم شخص کی لاش بھی نکالی گئی۔

یاد رہے کہ بھاٹی گیٹ لاہور کے قدیم ترین علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کئی سو سال پرانی بوسیدہ عمارتیں جن میں آج بھی لوگ رہائش پذیر ہیں۔ متعلقہ محکموں کی عدم توجہی کے باعث بھاٹی گیٹ اور اس کے اطراف میں واقع کئی قدیم علاقوں میں ایسے ہین حادثات پیش آنے کا خطرہ ہے۔