کراچی میں غلط انجکشن سے متاثرہ ننھی نشوا زندگی کی بازی ہار گئی

ویب ڈیسک – کراچی میں غلط انجکشن لگنے سے فالج اور دیگر طبی مسائل جنگ لڑ رہی ننھی نشوال زندگی کی بازی ہار گئی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی کے  نجی اسپتال دارالصحت میں غلط انجکشن لگنے سے متاثرہونے والی معصوم نشوا انتقال کرگئی۔ نشوا کو غلط انجیکشن لگنے کے بعد حالت غیر ہونے ہر لیاقت نیشنل اسپتال لایا گیا تھا جہاں وہ آئی سی یومیں زیرعلاج تھی۔  غلط انجکشن لگنے سے نشوا کا 71  فیصد دماغ مفلوج ہوا تھا۔ اور دماغ میں آکسیجن نہ پہنچنے کے باعث بچی کے ہاتھ پاؤں بھی ٹیڑھے ہوگئے تھے۔

بچی کے والد قیصر نے شارع فیصل تھانے میں اسپتال انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا جس میں اقدام قتل اوراعضا کو نقصان پہنچانے کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔ مقامی عدالت نے معصوم بچی کو غلط انجکشن لگانے والے ملازم معیز کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل  نشوا کو ڈائریا کی شکایت  پر نجی ہسپتال لایا گیا تھا جہاں 24گھنٹے کے وقفے سے لگنے والا انجکیشن 20سیکنڈ کے وقفے سے ڈرپ میں ڈالا گیا۔ جس نشوا کی حالت غیر ہو گئی اور اس کے دماغ کا 71 فیصد حصہ مفلوج ہو گیا تھا۔