عمران خان کی وزیرستان آمد سے قبل طالبان کی دھمکی، پولیس اور لیویز کو 3 دن میں علاقہ چھوڑنے کا حکم

ویب ڈیسک – وزیراعظم عمران خان نے آج سے دو روز بعد جنوبی وزیرستان کا دورہ کرنا ہے اور انہوں نے وہاں عوامی جلسوں سے خطاب بھی کرنا ہے تاہم وزیراعظم کے دورہ وزیرستان سے قبل انتہائی تشویشناک خبر آگئی ہے۔ وانا اور وزیرستان کے علاقوں میں تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے پمفلٹ تقسیم کئے گئے ہیں اور دھمکی دی گئی ہے کہ پولیس اور لیویز 3 دن کے اندر اندر علاقہ چھوڑ کر چلے جائیں۔

ڈان نیوز کے مطابق کالعدم تحریک طالبان پاکستان  نے جنوبی وزیرستان میں پمفلٹ تقسیم کیے ہیں جن میں پولیس اور لیوزی کو  3 دن میں قبائلی علاقہ خالی کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ پمفلٹ میں مقامی افراد کو سرکاری حکام سے قطع تعلق کے لیے بھی کہا گیا ہے۔

تقسیم کئے گئے پمفلٹس میں اردو زبان میں پیغام دیا گیا ہے کہ “پولیس کو لازمی طور پر وانا اور محسود قبائل کے علاقے چھوڑ دینے چاہیے بصورت دیگر وہ (ٹی ٹی پی) ان کے خلاف طاقت کا استعمال کرے گی،  کہ پولیس افسران کو کچھ روز کے لیے وانا میں رہنے کی اجازت دی گئی تھی، پمفلٹ میں بتایا گیا کہ ‘ہم نے ایک پولیس اہلکار(طاہر داوڑ) کو اسلام آباد سے اغوا کیا کیوں کہ اس نے ہمارے انتباہ کو نظر انداز کیا تھا’۔”

تحریک طالبان کی جانب سے دھمکی آمیز پمفلٹ تقسیم کئے جانے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پیدا ہو گیا ہے۔  دوسری طرف وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر اجمل خان وزیر نے ان دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے کہا کہ پمفلٹ کے ذریعے لوگوں میں خوف و ہراس پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ یہ پمفلٹ وزیراعظم عمران خان کی قبائلی علاقے میں آمد سے 2 روز قبل 2 مختلف تاؤنز میں تقسیم کیے گئے، جہاں وزیراعظم کا عوامی تقریب سے خطاب بھی شیڈول ہے۔