استعفیٰ نہیں دے رہا، عہدے سے پیار نہیں، عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں: گورنر پنجاب چودھری سرور

ویب ڈیسک – ن لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شامل ہونے والے گورنر پنجاب چودھری سرور نے آج لاہور میں ہنگامی پریس کانفرنس کی ، گورنر پنجاب نے پریس کانفرنس میں کہا کہ میں استعفیٰ نہیں دے رہا۔ تحریک انصاف کی حکومت مرکز اور پنجاب میں اپنے پانچ سال پورے کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی روز سے گورنرپنجاب چودھری سرور کے وزیراعظم عمران خان سے اختلافات کے بعد استعفے کی خبریں سرگرم تھیں جسکے بعد چودھری سرور نے آج لاہور میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس کی۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر میڈیا نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آپ اتنے شارٹ نوٹس پر آئے۔ انہوں نے کہا کہ  جولوگ سمجھتے ہیں میں استعفیٰ دے دوں گا تو وہ سن لیں میں نے چارسال محنت کی ہے اب بھاگا نہیں جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ملک سے باہر جاوٴں تو پیچھے سے استعفے کی باتیں ہونے لگتی ہیں، میں استعفیٰ نہیں دے رہا اور نہ مجھے عہدوں سے پیار ہے۔ ہم عوام کی خدمت کے لئے آئے ہیں اور وہ ہم کرتے رہیں گے۔ گورنر نے مزید کہا کہ پارٹی میں وزیراعظم سمیت کسی سے کوئی نارضگی نہیں، مجھے آج تک کسی پارٹی لیڈر نے نہیں کہا مستعفی ہوجائیں۔

چودھری سرور نے کہا کہ  میرا تعلق ایک ورکنگ کلاس فیملی سے تھا اور برطانیہ جا کر کاروبار کا آغاز کیا،  ایسا وقت بھی آیا جب میرے پاس 2 راستے تھے، ایک راستہ تھا کہ امیر آدمی بنوں، دوسرا سیاست میں حصہ لوں، سیاست کا راستہ چنا اور ہاؤس آف لارڈز کی طرف چل پڑا، جہاں بھی گیا میرا دل پاکستان کے عوام کیساتھ دھڑکتا تھا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک عہدے پر ہوں کسی قسم کی قنڈ ریزنگ میں شامل نہیں ہو ں گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سے یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ چودھری سرور اور وزیراعظم عمران  خان میں اختلافات ہو گئے ہیں اور گورنر پنجاب کسی بھی وقت آج اپنا استعفیٰ دے دیں گے۔