بلاول صاحب اگر ایک وزیر خزانہ تبدیل کرنے سے ہم ناکام ہیں تو آپ ناکام ترین ہیں: اسد عمر کا اسمبلی میں بلاول کو کرارا جواب

ویب ڈیسک – دو دن تک قومی اسمبلی میں اپوزیشن کی گھن گرج کے بعد آج حکومتی وزرا نے اپنا مورچہ سنبھالا اور اپوزیشن کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔ حال ہی میں وزارت خزانہ سے مستعفیٰ ہونے والے وفاقی وزیراسد عمر نے بلاول بھٹو کو اسمبلی کھری کھری سنائیں۔

اسد عمر نے اسمبلی کے فلور پر کھڑے ہو کر چئیرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کہتے ہیں کہ ایک وزیر خزانہ تبدیل کرنے سے حکومت ناکام اور نااہل ہو گئی لیکن آپ کے دور حکومت میں تو 4،4 وزیرخزانہ تبدیل ہوتے رہے، ایک سے بڑھ کر ایک سورما آتا گیا اور ناکام ہو کر جاتا گیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول صاحب اگر ہم ناکام ہیں تو آپ ناکام ترین ہیں۔  سابق وزیر کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی دورمیں اوسط بجٹ کاخسارہ7 فیصدرہا، 8.8 فیصد بھی گزرا۔ پیپلزپارٹی کے5 سال میں اوسطاً ایف بی آرکے اہداف میں 8 فیصد کمی تھی۔ قرضے بڑھ رہے ہیں یقیناً نہیں بڑھنے چاہئیں، 2008ء سے 2013ء کے دوران قومی قرضوں میں 135 فیصد اضافہ ہوا۔