شمالی وزیرستان: دہشت گردوں کا چیک پوسٹ پر حملہ، 3 اہلکار شہید

ویب ڈیسک ۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ملک بھر میں ایک بار پھر دہشت گردی کی لہر چل پڑی ہے، بلوچستان میں ہونے والے واقعات کے بعد شمالی وزیرستان میں ایک بار پھر دہشت گردوں نے سیکیورٹی فورسز پر بزدلانہ حملہ کر کے شدید جانی نقصان پہنچا دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق شمالی وزیرستان کی تحصیل شیواہ میں لیویز چیک پوسٹ پردہشت گردوں نے حملہ کرتے ہوئے دھماکہ کیا ہے۔  دھماکے سے 3 لیویز اہلکار شہید اور ایک زخمی ہوگیا۔ زخمیوں کو قریبی اسپتال پہنچایا گیا۔

دھماکہ ملک شاہی کے علاقے رغزئی میں ہوا۔  دھماکے سے شہید ہونے والے اہلکاروں میں امیر زمان، نامبوت خان اور عبدالولی شامل ہیں۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق دھماکہ پہلے سے پلانٹڈ بم سے کیا گیا، دہشت گردوں نے لیویز اہلکاروں کے چیک پوسٹ پر پوزیشنیں سنبھالنے سے پہلے بم نصب کرنے کی کارروائی کی۔

حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا جبکہ آرمی چیف اور وزیراعلیٰ پختونخواہ کی جانب سے حملے کی شدید مذمت کی گئی۔