عمران خان نے خود پیسے کیلئے کرکٹ کھیلی، عقل نہیں تو دینے کو تیار ہوں: ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے پر میانداد کی پرانے دوست پر کڑی تنقید

ویب ڈیسک ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق لیجنڈ بیٹسمین اور وزیراعظم عمران خان کے دیرینہ دوست جاوید میانداد اپنے ہی کپتان کے خلاف ہو گئے، کراچی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک سے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کرنے پر عمران خان پر کڑی تنقید کر دی۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق لیجنڈ بیٹسمین اور  1992 کرکٹ ورلڈکپ کے ہیرو جاوید میانداد نے وزیراعظم عمران خان کے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ ختم کے کرنے کے فیصلے کی مخالفت کرتے ہوئے کڑی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے خود تو پیسے کے لئے ساری زندگی کاوٴنٹی کرکٹ کھیلی لیکن ڈیپارٹمنل کرکٹ ختم کر کے کھلاڑیوں کر بے روز گار کر رہے ہیں۔

جاوید میانداد نے کہا کہ ملک میں ہر کھیل تنزلی کا شکار ہے، وزیراعظم کے اس فیصلے سے مقامی کھلاڑی بے روز گار ہو جائیں گے اور پھر ڈاکے ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا ہے 92 کارورلڈ کپ ڈیپارمنٹ کی جانب سے کھیلے جانے والے کھلاڑیوں کی وجہ سے جیتا گیا۔ میانداد نے کہا کہ اگر حکومت کے پاس عقل نہیں تو میں دینے کو تیار ہوں۔

سابق لیجنڈ بیٹسمین نے مزید کہا کہ عمران خان پوری دنیا سے پیسے مانگ رہے ہیں لیکن کوئی ان کو ایک دھیلا دینے کو تیار نہیں۔ جاوید میاںداد نے وزیراعظم سے اپیل کی کہ جلد بازی میں کیے گئے فیصلے درست  ثابت نہیں ہوتے، وزیر اعظم سینیئر کھلاڑیوں کو ملاقات کا موقع دیں۔