چین جدید دور میں کامیابی کی عظیم مثال ہے، پاکستان کی خوش قسمتی ہے ہم چین کے شراکت دار ہیں، وزیراعظم

ویب ڈیسک ۔ چین کی شہر بیجنگ میں ہو رہی دوسری بیلٹ اینڈ روڈ فورم میں شریک پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے آج  لیڈرز کی گول میز کانفرنس سے اہم خطاب کیا جس میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ہم چین کے شراکت دار ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے دوسرے دن لیڈرز کی گول میز کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے چین کی 70 ویں سالگرہ پرچینی صدر اور عوام کو مبارکباد پیش  کی اور کہا کہ چین دور جدید میں کامیابی کی ایک عظیم مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہا صدر شی چن پنگ اور ان کی حکومت کا شکر گزار ہوں، یہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے کہ ہم چین کے شراکت دار ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ کاوژن پیش کیا ہے، بیلٹ اینڈ روڈ وژن سے معیشت کی ترقی اور خوشحالی ممکن ہوگی، رکاوٹیں ختم ہوں گی اورعوام قریب آئیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سی پیک خطے بالخصوص پاکستان میں خوشگوار تبدیلی لا رہی ہے، سی پیک کی وجہ سے پاکستان میں توانائی منصوبے، بندرگاہیں اور خصوصی اقتصادی زونز قائم کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا  گوادر بندرگاہ  پاکستان اور چین کو مزید قریب لائے گی، گوادر کی بندرگاہ آپریشنل ہونے سے  چینی کمپنیوں کی لاگت مزید کم ہو جائے گی۔