یکم مئی کو پرویز مشرف کی وطن واپسی، چک شہزاد میں رہائش گاہ پر استقبال کی تیاریاں شروع

ویب ڈیسک ۔ سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف یکم مئی کو وطن واپس لوٹ رہے ہیں، چک شہزاد میں موجود ان کی رہائش گاہ پر سابق صدر کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق سابق صدر اور آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل سلیمان صفدر نے اعلان کیا ہے کہ سابق صدر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنے کے لئے یکم مئی کو پاکستان واپس آرہے ہیں۔ وطن واپسی پر پرویز مشرف اپنی چک شہزاد والی رہائش گاہ میں قیام کریں گے۔

یاد رہے کہ سابق صدر پرویز مشرف پر ن لیگ کے پچھلے دور حکومت میں سنگین غداری کا مقدمہ دائر کیا گیا تھا، جس کے بعد پرویز مشرف کو ان کے ہی گھر میں کچھ عرصہ قید کیا گیا تھا جس کے بعد وہ بیماری کے باعث ملٹری ہسپتال منتقل ہو گئے تھے۔

پرویز مشرف ن لیگ کے دور میں وزارت داخلہ کی خصوصی اجازت کے بعد پاکستان سے باہر چلے گئے تھے اور پھر واپس نہ آئے۔ عدالت نے بار بار طلبی کے باوجود پرویز مشرف کے حاظر نہ ہونے پر کئی بار برہمی کا اظہار بھی کیا، تاہم اب سابق صدر کے وکیل کے مطابق پرویز مشرف وطن واپسی کے بعد 2 مئی کو عدالت میں پیش ہونگے اور اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کریں گے۔