بھارت کی بین الاقوامی سطح پر ایک بار پھر سبکی، امریکہ نے پاکستانی ایف16 کی معلومات دینے سے انکار کر دیا

ویب ڈیسک – بالاکوٹ حملےکے بعد بھارت کو مسلسل بین الاقوامی سطح پر سبکی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، بھارت کی جانب سے امریکہ کو پاکستان ایف 16 لڑاکا جہازوں کی معلومات مانگنا مہنگا پڑ گیا، امریکہ نے بھارت کو صاف انکار کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق  امریکی حکام سے بھارت کی جانب سے رابطہ کرنے پر جواب دیا گیا کہ ” جب ہمیں بھارت کی طرف سے یہ اطلاع دی گئی کہ 27 فروری کو پاکستان نے ایف16 طیارے استعمال کیے ہیں تو ہم نے بھارتی حکام کو واضح کر دیا تھا کہ ہم اس حوالے سے آپ کے ساتھ کوئی معلومات شیئر نہیں کریں گے کیونکہ یہ پاکستان اور امریکہ کے باہمی تعلقات کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اس معاملے پر امریکہ کی پوزیشن کو اچھی طرح سمجھ سکتاہے کیونکہ اگر کل کوئی ہم سے بھارتی فضائیہ کے زیر استعمال سی 130 یا سی 17 طیاروں کی معلومات کا مطالبہ کرتاہے تو تب بھی ہمارا جواب یہی ہوگا کیونکہ یہ بھارت اور امریکہ کے آپسی تعلقات کا معاملہ ہے ۔

یاد رہے کہ 27 فروری کو پاکستانی لڑاکا طیاروں نے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے 2 بھارتی طیاروں کو مار گرایا تھا۔ ان میں سے ایک طیارہ بھارتی حدود جبکہ دوسرا پاکستان میں گرا تھا۔ پاکستان میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ ابھی نندن کو گرفتار بھی کر لیا گیا تھا۔ بھارت اس دن واویلا مچا رہا ہے کہ پاکستان نے بھارتی طیاروں کے خلاف کارروائی میں امریکہ کی جانب سے دیئے گئے ایف 16 طیاروں کا استعمال کیا جبکہ پاکستان کا کہنا ہے کہ ہم نے مقامی سطح پر چین کے اشتراک سے تیار کردہ JF-17 Thunder جہازوں سے بھارتی مگ 21 طیاروں کو گرایا۔