جب تک فیصلہ نہ ہو جائے کہ پاکستان میں مُلا نے راج کرنا ہے یا شعور نے ،ترقی کا خیال بھی بھول جائیں: فواد چودھری کا ٹویٹ

ویب ڈیسک ۔ وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کر کے اسمبی میں پیش کئے گئے کم عمری کی شادی کے بل کی مخالفت کرنے والی اپوزیشن جماعتوں پرکڑی تنقید  کی ہے۔

اپنے ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا ہے کہ کم عمر کی شادی کے خلاف سب سے پہلی قانون سازی قائد اعظم نے پیش کی، جب تک پاکستان میں یہ فیصلہ نہ ہو کہ ملا نے راج کرنا ہےیا شعور نے ،ترقی کا خیال بھی بھول جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک تماشہ لگا ہوا ہے ایسی ایسی جاھلانہ بات ہوتی ہے کہ عقل دنگ رہ جاتی ہے،ملک اور قومیں ایسے ماحول میں ترقی نہیں کرتیں۔

 

یاد رہے کہ آج قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کی جانب سے کم عمری میں شادی کی مخالفت کا بل پیش کیا گیا تھا، یہ بل حکومتی اقلیتی رکن رمیش کمار نے پیش کیا تھا۔ گو کہ یہ بل منظور کر لیا گیا لیکن تحریک انصاف کے اپنے تین سے چار ممبران قومی اسمبلی نے اس بل کی مخالفت کی تھی۔