اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے کسی کو این آر او نہیں ملے گا: عمران خان کا پی ٹی آئی کے یوم تاسیس پر خطاب

اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے 23 ویں تاسیس کی خصوصی تقریب آج اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔ اس موقع پر وزیراعظم پاکستان عمران خان بھی اپنی پارٹی کے یوم تاسیس میں پہنچے۔ عمران خان نے آج سے 23سال قبل پاکستان تحریک انصاف کی بنیاد رکھی تھی۔

تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ لوگوں کو تحریک انصاف کی جدوجہد کو سمجھنا چاہیئے ہمیں 22 سال لگے اس مقام تک آنے میں، ہمیں اس مقام تک آنے میں کسی جنرل جیلانی یا وصیت کی ضرورت نہیں پڑی۔  انشاٴاللہ تحریک انصاف ہی وہ جماعت ہے جو ملک بحرانوں سےنکالے گی۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے چئیرمین اور وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ  جب حکومت سنبھالی تو پاکستان کا قرضہ 30 ہزار ارب تھا جسے سابق حکمران 10 سالوں میں 6 ہزار ارب سے یہاں تک لے آئے تھے۔ لیکن اپوزیشن نے پہلے دن سے شور مچا دیا کہ حکومت کے پاس تجربہ نہیں ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ کے پہلے آٹھ ماہ میں مہنگائی کی شرح ہم سے زیادہ تھی۔ گزشتہ دور حکومت کے پہلے آٹھ ماہ میں منہگائی آٹھ فیصد تھی جبکہ پی ٹی آئی کے پہلے چھ ماہ میں یہ شرح چھ اعشاریہ آٹھ فیصد ہے۔

عمران خان نے کہا کہ بڑی قومیں اس لیے تباہ ہوئیں کیونکہ وہاں طاقتور اور غریب کے لئے الگ قانون تھا۔ ہم نے ایک قانون لے کر آنا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں جتنا چاہے شور مچا لیں ان کو کوئی این آر او نہیں ملے گا۔ مشرف نے ایک بار ان کو این آر او دیا تھا جس کے بعد ملک قرضہ 6 ہزار ارب سے 30 ہزار ارب تک جا پہنچا۔