وزیراعظم آج مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے

ویب ڈیسک – وزیراعظم پاکستان عمران خان آج پاکستان میں دور حاضر کے پانی کے سب سے بڑے منصوبے مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں۔ مہمند ڈیم تعمیر مکمل ہونے کے بعد 800 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج مہمند ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے جا رہے ہیں، مہمند ڈیم حالیہ چند دہائیوں میں پاکستان میں شروع کیا جانے والا سب سے بڑا منصوبہ ہے۔ مہمن ڈیم کی تقریب سنگ بنیاد میں چئیرمین واپڈا،  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔

مہمند ڈیم کا منصوبہ اندازاً 6 سال میں مکمل ہوگا اور تکمیل کے بعد یہ ڈیم 1.2 ایم اے ایف پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش کے ساتھ 800 میگاواٹ بجلی بھی بناسکے گا۔ اس کے علاوہ چارسدہ، نوشہرہ اور پشاور سیلابی پانی سے بھی بچ جائیں گے، دریائے سوات پر بنائے جانے والے ڈیم سے ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ زمین کو پانی ملے گا اور 16 ہزار ایکڑ اضافی زمین کو بھی زیر کاشت لایا جائے گا۔

مہمند ڈیم مجموعی طور پر پاکستان تیسرا بڑا ڈیم ہو گا۔