پرویز مشرف کی حالت بگڑ گئی، وطن واپسی موٴخر

ویب ڈیسک – سابق صدر پاکستان اور چیف آرمی سٹاف جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کی طبیعت زیادہ بگڑ جانے کے بعد انہیں دبئی کے ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جس کے باعث آج پرویز مشرف کی پاکستان واپسی موخر ہو گئی۔

پرویزمشرف کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے آج عدالت عظمیٰ کو بتایا کہ  پرویزمشرف نے گزشتہ صبح پاکستان آنا تھا، لیکن  ان کی طبیعت زیادہ بگڑ جانے کے بعد انہیں دبئی کے ایک ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں مشرف کی معاونت کے بغیرعدالت کے سوالات کا جواب نہیں دے سکتا، مشرف سے ملنے گیا اور ان کے ساتھ تین دن تک رہا، ان کی جسمانی حالت دیکھ کرحیران رہ گیا، وہ چل پھر نہیں سکتے اور بول بھی نہیں پا رہے، ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ ان کا سفر کرنا محفوظ نہیں ہوگا۔

یاد رہے کہ پرویز مشرف نے گزشتہ ہفتے پاکستان آکر اپنے خلاف مقدمات کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاہم آج ان کے وکیل نے سابق صدر کی غیر حاضری پر معذرت کر لی۔