نوازشریف پیسے واپس دینا چاہتے ہیں جبکہ مریم منع کر رہی ہیں: آصف علی زرداری

ویب ڈیسک – سابق صدر اور پیپلزپارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری نے کہا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف پیسے واپس دینا چاہتے ہیں لیکن ان کی بیٹی مریم نواز منع کر رہی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی نےا پنی رپورٹ میں کہا ہے کہ سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے ایک تقریب میں یہ بات کی ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف حکومت سے ڈیل کر کے پیسے دے کر اپنی جان چھڑانا چاہتے ہیں لیکن اس راہ میں ایک بڑی رکاوٹ میاں صاحب کی صاحبزادی ہیں جو اپنے والد کو ایسا کرنے سے منع کر رہی ہیں۔  رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا کہ نجی تقریب رکن قومی اسمبلی رمیش لال نے منعقد کی تھی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اس موقع پر نیئر بخاری نے کہا نواز شریف براہ راست حکومت کو پیسے نہیں دیں گے بلکہ وہ انفرادی طور پر کسی شخص کو رقم دیں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل کئی صحافی بھی اس بات کا انکشاف کر چکے ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے بھائی شہباز شریف ڈیل کے حق میں ہیں لیکن مریم نواز اپنے والد اور چچا کے سامنے ڈٹ گئی ہیں اور کسی قسم کی ڈیل کے خلاف ہیں۔

نواز اور شہباز ڈیل کیلئے تیار، مریم نواز والد اور چچا کے خلاف ڈٹ گئیں، صابر شاکر شریف خاندان کے اندر کی کہانی لے آئے

سنئیر تجزیہ کار صابر شاکر ایک ویڈیو پیغام میں شریف خاندان میں پک رہی کھچڑی کو منظر عام پر لے آئے ، مریم نواز کی اپنے والد اور چچا کی مخالفت، پلی بارگین کی آپشن قبول کرنے سے انکار کردیا، حکومت کو پیسہ دے کر بیرون ملک چلے جانے کی پیش کش کو قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے پاکستان میں ہی رہنے پر بضد ہوگئیں۔

صابر شاکر کا دعویٰ ہے کہ میاں نواز شریف اور شہباز شریف دونوں بھائی حکومت کی پلی بارگین آپشن قبول کرکے ریلیف حاصل کرنا چاہتے ہیں، تاہم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اس فیصلے سے متفق نہیں ہیں۔ انہوں نےاپنے ویڈیو پیغام میں مزید دعویٰ کیا کہ مریم نواز پاکستان کی سیاست سے کنارہ کشی یا دوری اختیار کرنے کے حق میں نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ نوازشریف نے سپریم کورٹ میں دو درخواستیں دائر کی ہوئی ہیں جن میں ان کی ضمانت میں توسیع اور دوسری درخواست میں انہیں بیرون ملک جانے کی آزادی شامل ہے۔ آئندہ ہفتے 6 تاریخ کو نوازشریف کی ضمانت کی مدت ختم ہو رہی ہے جس کے بعد انہیں واپس کوٹ لکھپت جیل منتقل کر دیا جائے گا۔