کرسی چاہے چلی جائے لیکن کسی کو این آر او نہیں دوں گا: وزیراعظم عمران خان کا دبنگ اعلان

ویب ڈیسک ۔ وزیراعظم عمران خان نے دبنگ اعلان کرتے ہوئے اپوزیشن کو صاف پیغام پہنچا دیا کہ چاہے کرسی چلی جائے لیکن کسی کو بھی این آر اور نہیں ملے گا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سنئیر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی این آر او نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا  کہ 8 ماہ میں پارلیمنٹ میں مجھے گالیاں دے کر این آراو مانگا جارہا ہے لیکن کرسی جاتی ہے تو جائے کسی کو این آراو نہیں دوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ احتساب کا عمل کسی صورت نہیں روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں پر مقدمے پچھلی حکومتوں کے بنائے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ صدارتی نظام کے حوالے سے صرف افواہیں گردش کر رہی ہیں ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

کابینہ میں ہوئی تبدیلیوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ جو کام نہیں کرے گا وہ تبدیل کر دیا جائے گا اور آئندہ بھی تبدیلیاں ہوتی رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسد عمر قیمتی سرمایہ ہیں وہ بہت جلد وفاقی کابینہ کو دوبارہ جوائن کر لیں گے۔