اسد عمر قیمتی اثاثہ ہیں جلد واپس کابینہ میں ہوں گے، وزیراعظم عمران خان

ویب ڈیسک ۔ وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیر خزانہ اسد عمر کی کابینہ میں واپسی کی نوید سناتے ہوئے کہا ہے کہ اسد عمر بہت جلد دوبارہ کابینہ کا حصہ ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں سنئیر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے سابق وزیرخزانہ اسد عمر کے بارے میں کہا کہ اسد عمر ایک قیمتی اثاثہ ہیں وہ بہت جلد دوبارہ وفاقی کابینہ کا حصہ بن جائیں گے۔

یاد رہے کہ اسد عمر نے وزیراعظم عمران خان کی جانب سے وزارت میں رد وبدل کے بعد وزارت خزانہ کے  عہدے استعفیٰ دے دیا تھا۔ عمران خان نے اسد عمر کو انرجی سیکٹر کی وزارت کی پیشکش بھی کی تھی جو اسد عمر نے ٹھکرا دی تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسد عمر کی ناراضگی کی وجہ وزیر اعظم عمران خان کافی پریشان بھی تھے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے دبنگ اعلان کرتے ہوئے اپوزیشن کو صاف پیغام پہنچا دیا کہ چاہے کرسی چلی جائے لیکن کسی کو بھی این آر اور نہیں ملے گا۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ احتساب کا عمل بلا تفریق جاری رہے گا۔

سنئیر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ کسی کے ساتھ کوئی این آر او نہیں ہو گا۔ انہوں نے کہا  کہ 8 ماہ میں پارلیمنٹ میں مجھے گالیاں دے کر این آراو مانگا جارہا ہے لیکن کرسی جاتی ہے تو جائے کسی کو این آراو نہیں دوں گا۔

عمران خان نے کہا کہ احتساب کا عمل کسی صورت نہیں روکا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں پر مقدمے پچھلی حکومتوں کے بنائے ہوئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے واضح کیا کہ صدارتی نظام کے حوالے سے صرف افواہیں گردش کر رہی ہیں ایسا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

کابینہ میں ہوئی تبدیلیوں کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ جو کام نہیں کرے گا وہ تبدیل کر دیا جائے گا اور آئندہ بھی تبدیلیاں ہوتی رہیں گی۔