کراچی پولیس کی بےحسی، شہید اے ایس آئی کی ماں کے ساتھ پولیس کا توہین آمیز سلوک

ویب ڈیسک ۔ بڑے بزرگوں سے سنا تھا کہ پولیس والے کبھی کسی کے نہیں بنتے، پولیس کی نہ دوستی اچھی اور نہ دشمنی۔ لیکن یہ بات کتنی سچ ہے اس کا ثبوت شہر قائد کراچی میں دیکھنے کو ملا جہاں ایک شہید پولیس والے کی والدہ کے ساتھ پولیس کے محکمے نے انتہائی توہین آمیز سلوک روا رکھا۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں سندھ پولیس کی جانب سے رواں سال کے شروع میں چینی قونصلیٹ پر حملے کے شہدا کی یاد میں تقریب منعقد کی گئی جہاں شہید پولیس والوں کو ایوارڈ سے تو  نوازا گیا لیکن ان کے خاندان والوں کو عزت نہ بخشی جا سکتی۔

شہید اے ایس آئی اشرف کی والدہ جو پولیس کے سالانہ ایوارڈ شو میں اپنے شہید بیٹے کا ایوارڈ وصول کرنے آئیں تھیں ان کو ان کے اپنے محکمہ سندھ پولیس نے بیٹھنے کے لئے ایک کرسی تک نہ دی۔ اور شہید کو بوڑھی والدہ تقریب کے اختتام پر ایک کونے میں زمین پر بیٹھی کھانا کھاتی نظر آئیں۔

محکمہ پولیس کی جانب سے شہید کی والدہ کے ساتھ ناروا سلوک کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی اور لوگوں نے سندھ پولیس کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔