قدرت بھی کس کس طرح بدلے چکاتی ہے، مریم نواز کا عمران خان پر طنز

ویب ڈیسک – مسلم لیگ ن کی نائب صدر اور نوازشریف کی صاحبزادی مریم نوازنے وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے ٹویٹر پر ایک پیغام شئیر کیا جس میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ سیانے کہتے ہیں نقل کیلئےعقل چاہیے، قدرت بدلے چکاتی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سوہاوہ جہلم میں القادر یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب کےدوران تقریر کرتے ہوئے وزیراعظم کی لفظ روحانیت پرزبان لڑکھڑا گئی، وزیراعظم روحانیت کو رعونیت ،رحونیت بول گئے،پھربڑی مشکل سے اصل لفظ روحانیت کی ادائیگی کی۔

وزیراعظم عمران خان کی جانب سے لفظی غلطی کرنے پر نوازشریف کی صاحبزادی اور مسلم لینگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک پیغام شئیر کیا جس میں انہوں نے کہا کہ “سیانے کہتے ہیں نقل کے لیے بھی عقل چاہیے- پرچی کا طعنہ دینے والا نہ اپنا حلف پڑھ سکا تھا نہ لکھی ہوئی پرچی پڑھ سکتا ہے۔ پرچی سے پڑھے تو تماشہ بنتا ہے، پرچی کے بغیر بولے تو اور بھی بڑا تماشہ بنتا ہے، قدرت بھی کس کس طرح بدلے چکاتی ہے !”

 

یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان اپنی تقریب حلف برداری میں بھی اردو زبان بولتے ہوئے لڑکھڑا گئے تھے جس پر انہیں کافی تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔