ورلڈکپ 2019 کی تیاریوں پر سوالیہ نشان! انگلینڈ سے واحد ٹی ٹوئنٹی میں پاکستان کو باآسانی شکست

ویب ڈیسک – ورلڈ کپ 2019 کی تیاریوں پر سوالیہ نشان لگ گیا، انگلینڈ نے پاکستان کو واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کارڈف میں کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستانی کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا،  قومی ٹیم نے مقررہ 20اوورز میں 6 وکٹوں پر 173 رنز بنائے، اوپنر بابر اعظم اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے تیسری وکٹ پر 103 رنز کی بہترین شراکت داری قائم کی، بابر اعظم نے 42 گیندوں پر 65 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے جب کہ حارث سہیل نے 36 گیندوں پر 50 رنز کی باری کھیلی، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔

فخرزمان امام الحق نے 7،7 جب کہ آصف علی 3 اور فہیم اشرف 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے، عماد وسیم 18 اور حسن علی صفر پر ناٹ آؤٹ رہے، انگلینڈ کی جانب سے آرچر نے 2، ٹام، کرن اور کرس جورڈن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے 174 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میزبان ٹیم کے بلے بازوں نے پراعتماد بیٹنگ کرتے ہوئے مطلوبہ ہدف 4 گیندوں قبل صرف 3 وکٹوں کے نقصان پر ہی حاصل کرلیا، کپتان مورگن نے 29 گیندوں پر 57 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا، جوئے روٹ 47 اور ونسے 36 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، ڈوکٹ نے 9 اور ڈینلی نے 20 رنز کی باری کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے کوئی بھی بولر خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا، عماد وسیم، حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک شکار کیا، ٹی ٹوئٹنی ڈیبیو کرنے والے محمد حسین کوئی وکٹ نہ لے سکے۔ ورلڈکپ 2019 سے پاکستان کرکٹ ٹیم کی ورلڈ کپ تیاریوں پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔ دورہ انگلینڈ کے پہلے ہی میچ شکست سے پاکستانی کرکٹ شائیقین بھی خاصے مایوس نظر آئے اور سوشل میڈیا پر قومی ٹیم کو خوب آڑے ہاتھوں لیا۔