مودی ایک بار پھر بھارتی وزیراعظم بن گئے، عمران خان کی مبارکباد

ویب ڈیسک ۔ ایک بار پھر مودی سرکار، جی ہاں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ایک بار پھر بھارتی الیکشن کا میدان مار لیا اور لگاتار دوسری بار نریندر مودی کا بھارت کا وزیراعظم چن لیا۔ الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم پاکستان عمران خان کی مودی کو مبارکباد اور آئندہ مل کر کام کرنے کا عزم۔

تفصیلات کے مطابق بھارت میں دو ماہ تک جاری رہنے والے جنرل الیکشن آج اپنے اختتام کو پہنچ گئے اور بھارتی حکمران جماعت بی جے پی اور اتحادی جماعتوں نے بڑے مارجن سے کامیابی حاصل کر لی۔ بھارتی لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے حکمران اتحادی جماعتوں نے 343 سیٹیں جیتی ہیں۔ جبکہ بھارت میں حکومت بنانے کے لئے کم از کم سیٹوں کی تعداد 272 ہونا ضروری ہوتی ہے۔

الیکشن میں کامیابی پر وزیراعظم پاکستان عمران خان نے بھارتی جنتا پارٹی کو مبارکباد پیش کی۔ سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی اور اتحادیوں کی کامیابی پر میں وزیراعظم نریندرا مودی کو مبارکباد پیش کرتاہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں جنوبی ایشیا میں امن اور خطے کی کی ترقی و خوشحالی کے لئے ان کے ساتھ کام کرنے کے لئے پر امید ہوں۔

دوسری جانب بھارت کی حزب اختلاف کی پارٹی کانگریس کے لیڈر راہول گاندھی نے اپنی شکست تسلیم کر لی ہے اور کہا ہے کہ امید ہے مودی جی بھارتی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کریں گے۔ کانگریس کی جانب سے ساتھ ہی مودی سرکار پر الزام لگایا ہے کہ بی جے پی الیکشن جیتتے ہی پلوامہ حملے کو بھول گئی ہے۔

اس سے قبل اسرائیلی کے وزیراعظم نتین یاہو نے بھارتی وزیراعظم نریندور مودی کو الیکشن میں واضح فتح حاصل کرنے پر مبارکباد پیش کی ۔نتین یاہو نے اس موقع پر اسرائیل اور بھارت کو دوست قرار دے دیا۔