کوئٹہ: پشتون آباد کی مسجد میں نماز جمعہ کے دوران دھماکہ، امام مسجد شہید، 13 افراد زخمی

ویب ڈیسک – بریکنگ نیوز۔۔۔ پاکستان کا صوبہ بلوچستان ایک بار پھر دہشتگردوں کے نشانے پر آگیا، صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد کی مسجد میں بم دھماکہ ہو گیا، دھماکے سے امام مسجد شہید ہو گئے جبکہ 13 افراد بھی زخمی ہو گئے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا پشتون آباد کی رحمانیہ مسجد  میں نمازہ جمعہ کی ادائیگی کے دوران ہوا۔ دھماکے کے بعد کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسجد کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے۔

دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ قریبی عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے ہیں۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئی ہیں۔ زخمیوں کو سول اسپتال  بولان میڈیکل کمپلیکس اور دیگر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا جارہاہے۔

سول اسپتال اور بولان میڈیکل کمپلیکس میں ایمر جینسی نافذ کردی گئی ہے۔ جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے ۔ پولیس کے مطابق دھماکے کی نوعیت معلوم کی جارہی ہے۔