حکومت کا پیر کے روز عام تعطیل کا اعلان

ویب ڈیسک ۔ حکومت نے پیر 21 رمضان المبارک کے روز یوم علیؓ کے موقع پر صوبائی دارالحکومت لاہور میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس موقع پر تمام سرکاری و سرکاری دفاتر اور سکول بند رہیں گے۔ جبکہ کے شہر بھر کے ہسپتالوں میں طبی سٹاف کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق ۲۱ رمضان المبارک کو یوم شہادت حضرت علیؓ منایا جاتا ہے اس موقع پر حکومت پنجاب نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر لاہور شہر میں عام تعطیل کا اعلان کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ صوبے بھر میں سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگا کر سٹاف کو حاضری یقینی بنانے کی تلقین کر دی گئی ہے۔

محکمہ داخلہ پنجاب نے 21 رمضان کے جلوسوں اور مجالس کی سکیورٹی کیلئے موبائل سروس کی بندش اور ڈبل سواری پر پابندی کی سفارش کی گئی۔ یومِ شہادت حضرت علیؓ کے موقع پر مرکزی جلوس اندرون لاہور نثار حویلی سے بر آمد ہوکر کربلا گامے شاہ پر اختتام پذیرہوگا، جلوس کے روٹ پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کر دیئے گئے ہیں۔ جبکہ شہر بھر میں ہونے والی مجالس اور جلوسوں سی سی ٹی وی اور فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔