کارڈ سسٹم ختم، بس کا کرایہ دینا ہو یا گاڑی خریدنی ہو ادائیگی موبائل سے ہو گی: فواد چودھری کا بڑا اعلان

ویب ڈیسک – وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے جب سے سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت سنبھالی ہے وہ ملک میں ایک سائنسی انقلاب لانے کے درپے ہو گئے ہیں۔ سب سے پہلے تو انہوں نے رویت ہلال کمیٹی کو چیلنج کرتے ہوئے ملک بھر میں اگلے پانچ سال کے لئے قمری کیلنڈر لانے کا اعلان کیا۔ ایک طبقے کی بھرپور مخالفت کے باوجود فواد چودھری نے نہ صرف قمری کیلنڈر جاری کر دیا بلکہ پاکستان میں چاند دیکھنے کی ویب سائٹ بھی لانچ کر دی اور اگلے پانچ سال تک کی عیدوں اور رمضان کا کیلنڈر بھی جاری کر دیا۔

قمری کیلنڈر کے معاملے میں کامیابی کے بعد فواد چودھری نے ملک بھرمیں پیمنٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی لانے کا بیڑہ اٹھا لیا ہے اور کریڈٹ کارڈز کو ختم کرنے کے درپے ہو گئے ہیں۔وفاقی وزیر نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹ پر اپنے اگلے مشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ قمری کیلنڈر کے بعد اگلا بڑا چیلنج کریڈٹ کارڈ اور ڈیبٹ کارڈز کو موبائل فون پیمنٹ سے replace کرنا ہے، ٹیکنالوجی کی ترقی کیلئے ادائیگیوں (payments) کا آسان ہونا لازمی ہے انہوں نے کہا کہ انشااللہٰ چند مہینوں میں آپ کی تمام ادائیگیاں بس کے کرائے سے گاڑی خریدنے تک موبائل سے ہوں گی۔

چند روز پہلے ایک نجی ٹی وی چینل پر انٹرویو میں فواد چودھری نے اعلان کیا تھا کہ وہ پاکستان میں جلد از جلد جدید ترین ٹیکنالوجیاں متعارف کروائیں گے اور اس کے لئے وہ ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں۔ اپنے انٹرویو میں فواد چودھری نے وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی خواہش کا اظہار بھی کیا تھا اور کہا تھا کہ میں وفاقی وزیر بن کر بور ہو رہا ہوں اگر وزیراعظم صاحب مجھے پنجاب کی ذمہ داری دے دیں تو میں بہت کچھ کر سکتا ہوں۔