تحریک انصاف کے رہنما کی بیٹی کار حادثے میں جاں بحق

ویب ڈیسک – تحریک انصاف کے دیرینہ رہنما نوید وڑائچ کی جواں سال بیٹی علیزہ اختر گاڑی کے حادثے میں جاں بحق ہو گئی۔ علیزہ اختر کی عمر صرف 19 برس تھی اور امریکہ میں تعلیم حاصل کر رہی تھیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن و رہنما نوید وڑائچ کے گھر سے ایک افسوسناک خبر آئی ہے۔ نوید وڑائچ کی بیٹی علیزہ اختر امریکہ میں ایک ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئی۔ علیزہ اور ان کی بہن گاڑی پر جا رہی تھی کہ سامنے سے آنے والی ایک تیز رفتار کار نے ٹکر ماردی۔ حادثے میں علیزہ موقع پر ہی فوت ہو گئیں جبکہ ان کی چھوٹی بہن شدید زخمی ہو گئیں جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

حادثہ نیو جرسی کے اولڈ برج ایریا میں پیش آیا، حادثے کے بعد کار سوار موقع سے فرار ہو گیا جس کو تعاقب کرنے کے بعد پولیس نے پکڑ لیا۔ پکڑا جانیوالا ڈرائیور 28 سالہ الیکزینڈر نشے میں تھا اور مخالف سمت سے آتے ہوئے اچانک اپنی لین تبدیل کر لی تھی۔

علیزہ اختر امریکا کی معروف میسا چوسسٹس انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم تھیں اور ذہانت کے باعث اسکالر شپ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئی تھیں۔