قوم کیلئے خوشخبری، مہمند ڈیم کا تعمیراتی کام شروع ہو گیا، 6 ہزار ملازمین بھرتی کرنے کا فیصلہ

ویب ڈیسک ۔  ملک میں آبی ذخائر کے حوالے سے آخر کار قوم کو ایک بڑی خوشخبری ملنے کو ہے، پاکستان میں ایک طویل عرصے کے بعد ایک بڑے آبی ذخیرے مہمند ڈیم کی تعمیرکا کام باقاعدہ شروع ہو گیا ہے۔ تعمیراتی کام شروع ہوتے ہیں اس پراجیکٹ پر کام کرنے والی کمپنی نے 6 ہزار ملازمین بھی بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے 2 مئی کو مہمند ڈیم کے سنگ بنیاد رکھنے کے بعد اس میگا منصوبے پر باقاعدہ کام شروع کر دیا گیا ہے۔ پراجیکٹ پر کام کرنے والی چینی کمپنی کے ماہرین بھی پاکستان پہنچ چکے ہیں۔ مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے مقامی سطح پر 6 ہزار ملازمین کو بھرتی کیا جائے گا اس کے علاوہ رابطہ سڑکوں کی تعمیر اور انفراسٹرکچر پر بھی اربوں روپے خرچ کئے جائیں گے جس سے مہمند ڈیم کے مضافاتی آبادی کو کئی سہولیات میسر آئیں گی۔

مہمند ڈیم سے 800 میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی اور 16 ہزار 737 ایکڑ زمین سیراب ہوگی، سالانہ 51 ارب 60 کروڑ آمدن ہوگی ساتھ ہی ڈیم کی تعمیر سے چارسدہ، پشاور اور نوشہرہ سیلاب سے محفوظ ہوجائیں گے۔منڈا ہیڈورکس سے ڈیم سائٹ تک دریائے سوات کے دونوں کناروں پر زیر تعمیر رابطہ سڑکیں 15اعشاریہ 5 کلو میٹر طویل ہیں، یہ رابطہ سڑکیں ہیوی مشینری اور دیگر آلات ڈیم سائٹ تک پہنچانے کے لئے تعمیر کی جارہی ہیں۔