پاکستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد انگلینڈ کو 14 رنز سے ہرا دیا

ویب ڈیسک ۔ پاکستان نے ٹرینٹ برج میدان مار لیا، ورلڈکپ فیورٹ انگلینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 14 رنز سے شکست دے دی، جوئے روٹ اور جوز بٹلر کی سنچریاں رائیگاں چلی گئیں۔ پاکستان نے دیگر ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔

تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کے شہر نوٹنگھم کے ٹرینٹ برج گراوٴنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ایک سنسنی خیز مقابلہ ہوا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا گیا تاہم پاکستان نے انگلینڈ آخری اوور میں شکست دے دی۔ آج انگلینڈ کی کے کپتان آئن مورگن نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پاکستانی اوپنروں نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کا اچھا آغاز دیا۔ امام الحق نے 44 اور فخر زمان نے 36 رنز بنائے۔

اوپننگ کے ساتھ ساتھ آج پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن نے بھی انگلش باوٴلز کو تنگی کا ناچ نچایا۔ بابر اعظم نے 63، محمد حفیظ نے84 اور کپتان سرفرازاحمد نے شاندار 55 رنز بنائے۔ پاکستان نے انگلینڈ کو 349 کا ہدف دیا۔

انگلینڈ کی جانب سے معین علی نے اچھی باوٴلنگ کی اور 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ کرس ووکس نے 3 اور مارک وڈ نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔

پہاڑ جیسے 349 کے تعاقب میں انگلینڈ کی بیٹنگ شروع میں لڑکھڑا گئی۔ جیسن روئے تیسرے اوور میں شاداب خان کا نشانہ بن گئے۔

جونی برسٹو 32 رنز پر وہاب ریاض کا شکار بنے۔انگلش ٹیم کے کپتان اون مورگن کو 9 رنز پر محمد حفیظ نے بولڈ کیا اور بین اسٹوکس کو 13 رنز بنانے کے بعد شعیب ملک کے ہاتھوں پویلین واپس لوٹنا پڑا۔ 118 پر 4 وکٹیں گرنے کے بعد انگلینڈ کی ٹیم مشکلات کا شکار ہوگئی تھی تاہم جوس بٹلر اور جوئے روٹ وکٹ پر ڈٹ گئے۔

جوئے روٹ اور جوس بٹلر کے درمیان 130 رنز کی اہم شراکت قائم ہوئی، اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں مکمل کیں تاہم جوئے روٹ 107 پر شاداب خان اور جوس بٹلر 103 رنز پر محمد عامر کا شکار بنے۔

آخری اووروں میں معین علی اور کرس ووکس نے بھرپور مقابلہ کیا تاہم وہاب ریاض نے مسلسل 2 گیندوں پر پہلے معین علی کو 19 اور پھر ووکس کو 21 رنز پرآوٴٹ کر کے پاکستان کی جیت پر مہر لگا دی۔

پاکستان کی جانب سے کی جانب سے وہاب ریاض نے 3 اور شاداب خان، محمد عامر نے 2،2 جب کہ محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔