بھارت کا ورلڈ کپ میں فاتحانہ آغاز، روہت شرما کی سنچری، جنوبی افریقہ کو مسلسل تیسری شکست

ویب ڈیسک ۔ بھارت نے ورلڈکپ 2019 کے اپنے افتتاحی میچ میں جنوبی افریقہ کو 6وکٹوں سے شکست دے کر حریف ٹیموں کے لئے خطرے کی گھنٹی بجا دی۔ جنوبی افریقہ کو باوٴلنگ، فیلڈنگ اور بیٹنگ سمیت تینوں شعبوں میں آوٴٹ کلاس کرتے ہوئے بھارت نے ورلڈکپ میں فاتحانہ آغاز کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق  ساؤتھمٹن میں ہوئے میچ میں آج جنوبی افریقہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ اس کے لئے انتہائی خظرناک ثابت ہوا۔  کوئی بھی جنوبی افریقی کھلاڑی بھارتی باوٴلروں کا مقابلہ نہ کر سکا اور جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 50  اووروں میں بمشکل 227رنز بنا سکی۔

کپتان فاف ڈپلیسی نے 38 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، ڈیوڈ ملر 31 اور آنڈیلی فیہلوک وایو نے 34 اور کرس مورس نے 42رنز بنائے۔ بھارتی کی جانب سے بھونیشور کمار اور جسپرت بمراہ نے 2 اور یوزویندر چاہل نے 4 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

بھارت کی جانب سے شیکھر دھون اور روہت شرما نے اننگز کا آغاز کیا،  روہت شرما نے شاندار سنچری سکور کی، ان کی اننگز میں 2 چھکے اور 13 چوکے شامل تھے جب کہ وہ 122 رنز پر ناقابل شکست رہے۔بھارت نے 228 رنز کا آسان ہدف  4 وکٹ کے نقصان پر پورا کرلیا۔