کوہلی اور روہت شرما کی وکٹیں ایک بار پھر تمہاری ہیں، اسد عمر کا محمد عامر کو ٹویٹ

ویب ڈیسک ۔ تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیرخزانہ اسد عمر نے کرکٹ ورلڈکپ 2019 میں پاک بھارت میچ کے حوالے سے پاکستانی فاسٹ باوٴلر محمد عامر کا حوصلہ بڑھاتے ہوئے ان سے ویرات کوہلی اور روہت شرما کی بڑی وکٹیں مانگ لیں۔

تفصیلات کے مطابق عید کے موقع پر تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک ٹویٹ کیا جس میں انہوں نے انگلینڈ میں ورلڈکپ کھیل رہی پاکستانی ٹیم سے خصوصی درخواست کرتے ہوئے پاکستان کے لئے خوشیاں مانگ لیں۔ اسد عمر نے لکھا کہ تمام مسلمانوں کو عید مبارک. اللہ سب کی رمضان کی عبادت قبول کرے. اور پاکستان کرکٹ ٹیم سے خصوصی درخواست کے اس خوشی کے ماحول کو کم سے کم چند دن ایسا ہی رہنے دے۔

 

اسد عمر کے ٹویٹ کے جواب میں پاکستان کے فاسٹ باوٴلر محمد عامر نے ایک ٹویٹ کیا اور اسد عمر سے پورے پاکستان کے لئے خوشیاں مانگ لیں، عامر نے کہا کہ  جی سر ہم پوری کوشش کریں گے، آپ لوگ بھی بس ایسے ہی کام کرتے رہیں کہ پورا پاکستان ہمیشہ خوش رہے۔

اسد عمر نے ایک بار پھر عامر کا حوصلہ بڑھایا اور  ٹویٹ میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ انشااللہ بڑے کھلاڑی بڑے میچوں میں پرفارم کرتے ہیں، انشااللہ ہم ایک بار پھر اس ٹورنامنٹ میں اپنی کلاس بتائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ As they say form is temporary and class is permanent، اسد عمر نے محمد عامر سے کہا کہ مجھے امید کے کہ اس بار پھر ویرات کوہلی اور روہت شرما کی وکٹیں تمہاری ہی ہونگی۔

 

یاد رہے کہ ورلڈکپ 2019 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑا میچ 16 جون جو ہونے جا رہا ہے۔