کرکٹ ورلڈکپ 2019: آسٹریلیا نے دلچسپ مقابلے کے بعد ویسٹ انڈیز کو ہرا دیا

ویب ڈیسک ۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کے دسویں میچ میں آج دفاعی چیمپئین آسٹریلیا نے ویسٹ انڈیز کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد 15رنز سے ہرا دیا۔ میچ کی خاص بات دنوں ٹیموں کی جانب سے آخری وقت تک جاری رہنے والی شش و پنج رہی۔

تفصیلات کے مطابق ٹرینٹ برج کے گراوٴنڈ میں آج ورلڈکپ کے دسویں میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر آسٹریلیا کو بیٹنگ کی دعوت دی تو کالی آندھی کے گیند بازوں نے اپنا سلسلہ وہیں سے شروع کیا جہاں سے انہوں نے پاکستان کے خلاف ختم کیا تھا اور تباہ کن گیند بازی کرتے ہوئے آسٹریلوی بلے بازوں کے لئے مشکلات پیدا کیں۔

آسٹریلیا کی آدھی ٹیم ویسٹ انڈین گیند بازوں کو سامنا کر سکی اور صرف 79 پویلین واپس چلی گئی۔ اس لمحے سابق کپتان سٹیو سمتھ نے آسٹریلوی بیٹنگ کو سہارا دیا 73رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کے ساتھ الیکس کیری نے45  رنز بنائے۔ 79 پر 5کھلاڑی آوٴٹ ہونے کے بعد کولٹر نائل کے 60گیندوں پر دھواں دار 92 رنز نے آسٹریلیا کو سکور 288رنز تک پہنچا دیا اور 49اووروں میں پوری ٹیم آوٴٹ ہو گئی۔

جواب میں ویسٹ انڈیز کا آغاز بھی کچھ خاص نہ رہا اور  لیوس ایک ہی رنز پر واپس چلے گئے۔ جبکہ معروف بلے باز کرس گیل ایک متنازعہ فیصلے کا شکار ہو کر 21رنز پر آوٴٹ ہوئے۔ اس کے بعد شائے ہوپ اور نکولس پورن نے 68 رنز کی شراکت قائم کی ، پورن 40 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور ہوپ نصف سنچری بنانے کے بعد 68 رنز پر پویلین واپس لوٹ گئے، شمرون ہیٹمیئر 21، آندرے رسل 15 اور کارلوس بریتھ یوٹ 16 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کپتان  جیسن ہولڈر نے 51 رنز کی اننگز کھیلی تاہم وہ ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرواسکے۔ویسٹ انڈیز کی ٹیم 50 اووروں میں 9وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز ہی بنا سکی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مچل اسٹارک نے 5 اور پیٹ کمنز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔