معروف اداکارہ سجل علی نے ساتھی اداکار کے ساتھ منگنی کر لی

ویب ڈیسک ۔ ٹی وی ڈرامے میں ایک جوڑی کا کردار ادا کرتے کرتے پاکستان کی معروف اداکارہ ساتھی اداکار احد رضا میر کو دل دے بیٹھیں، ڈراموں کی جوڑی نے رشتے کو حقیقت میں بدلنے کی ٹھان لی اور منگنی کر لی۔

تفصیلات کے مطابق ڈرامہ سیریل ’’یقین کا سفر ‘‘ میں جوڑی کا کردار ادا کرنے والے احد رضا میر اور سجل علی حقیقی زندگی میں بھی ایک دوسرے کو پسند کرنے لگے اور دونوں نے افسانوی رشتے کو حقیقت میں بدل لیا۔ سجل علی اور احد رضا میر نے منگنی کرلی۔

سجل علی اور احد رضا میر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی منگنی کی تقریب کی تصویر اپنے چاہنے والوں کے ساتھ شئیر کی اور کہا کہ  یہ ہماری زندگی کی نئی شروعات ہے ہمیں اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہورہی ہے کہ ہم نے منگنی کرلی ہے۔ ہمارا یہ خاص دن ہمارے گھر والوں ، دوستوں اور پرستاروں کی دعاؤں سے مزید خاص ہوگیا ہے۔

 

منگنی کی تصویر شئیر کرتے ہی دونوں کو مبارکبادوں کا ایک نہ رکنے والا سلسلہ شروع ہو گیا۔ ساتھی اداکاروں اور ان کے چاہنے والوں نے سجل علی اور احد رضا میر کے لئے نیک تمناوٴں کا اظہار کیا۔