کرکٹ ورلڈکپ 2019: پاکستان اور سری لنکا کا میچ بارش بہا لے گئی، قومی ٹیم کو بڑا نقصان ہو گیا

ویب ڈیسک ۔ آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ میں ہونے والا گیارہواں میچ جو کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جانا تھا بارش کی نظر ہو گیا۔ برسٹل میں سارا دن کی بارش نے شائقین کرکٹ کے ارمان ٹھنڈے کر دیئے۔ میچ ٹاس تک نہ ہو سکا۔

تفصیلات کے مطاقب برطانیہ کے شہر برسٹل میں ہونے والا پاکستان اور سری لنکا کا کرکٹ ورلڈکپ کا گیارہواں میچ بارش بہا لے گئی۔ میچ میں ٹاس تک نہ ہو سکا۔ کئی گھنٹوں کی مسلسل بارش کی وجہ سے آوٴٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے ایمپائرز نے میچ کو منسوخ کر دیا۔ میچ منسوخ ہونے سے دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا۔

پاکستان کے نقطہ نظر سے میچ منسوخ ہونے کا نقصان پاکستان کو ہوا ہے۔ میچ سے قبل ہی پاکستان کو فیورٹ قرار دیا جا رہا تھا۔ اور قوی امکان تھا کہ پاکستان سری لنکا کو بڑے مارجن سے ہرا کر نہ صرف دو پوائنٹ حاصل کر لے گا بلکہ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد منفی رن ریٹ کو بھی مثبت کر لے گا لیکن بارش نے پاکستان کی ساری پلاننگ چوپٹ کر دی۔

پاکستان اور سری لنکا نے ٹورنامنٹ میں اب تک دو دو میچ کھیلے ہیں اور دونوں ٹیموں کو ایک میچ میں فتح جبکہ دوسرے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پاکستان اپنا اگلا میچ 12 جون بروز بدھ کو دفاعی چیمپئین آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گا۔