پی آئی اے کے مسافر بھی سبحان اللہ، خاتون نے باتھ روم کا دروازہ سمجھ کر جہاز کا ایمرجنسی دروازہ کھول دیا

ویب ڈیسک ۔ پی آئی اے کی فضائی سروس کے بارے میں تو سب ہی جانتے ہیں۔ کبھی مسافروں کا سامان دوسرے ملک چھوڑ آنا اور کبھی کسی عملے کا دیار غیر میں غائب ہو جانا معمول کی بات لگتی ہے لیکن پی آئی اے میں سفر کرنے والے مسافر بھی سبحان اللہ ہیں اور وہ بھی کسی سے کم نہیں ہیں۔

برطانیہ کے شہر مانچسٹر کے ائرپورٹ پر رن وے پر کھڑے پی آئی اے کے طیارے میں ایک انتہائی دلچسپ اور ہنسا دینے والا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ایک خاتون نے باتھ روم جانے کے چکر میں  طیارے کا ایمرجنسی دروازہ کھول دیا ، ایمرجنسی دروازہ کھلتے ہیں  کا ائر بیگ شوٹ کھل گیا اور عملے کی دوڑیں لگ گئیں۔ خاتون کی اس معصومانہ غلطی پر 37 مسافروں کو آف لوڈ کرنا پڑگیا۔

پی آئی اے کی یہ پرواز پی کے 702 مانچسٹر سے اسلام آباد آرہی تھی جو کے بعد میں 7 گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار ہوگئی۔ حکام نے جب خاتون سے باز پرس کی گئی تو انہوں نے بتایا کہ  وہ باتھ روم جانا چاہتی تھیں اور ایمرجنسی دروازے کو باتھ روم کا دروازہ سمجھ بیٹھی تھیں۔ حکام کے مطابق غلطی سے ائر شوٹ کھلنے کا واقعہ گذشتہ رات عملے کی کمی کی وجہ سے پیش آیا۔